اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اہواز میں آج 24 شہیدوں کی تشییع جنازہ میں لاکھوں افراد کے علاوہ ایران کے اعلی سول اور فوجی حکام نے شرکت کی ۔
شہیدوں کی تشییع جنازہ میں عوام کی بھر پور اور وسیع پیمانے پر شرکت اس بات کا مظہر ہے کہ خطے میں امریکہ اور اس کے اذناب کی گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے ایرانی عوام اور حکام پرعزم ہیں۔ ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل سلامی کا کہنا ہے کہ ہمیں اہواز میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے مرکز کا اچھی طرح علم ہے اور ہمارا جواب بھی دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کو دنداں شکن ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی عرب مالک نے ایران میں عدم استحکام پیدا کرنے اور ایران کے خلاف شرارت جاری رکھنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ نواز عرب حکام کو آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ سے عبرت حاصل کرنی چاہیے اور ایران کے خلاف امریکی سازشون کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ہم ایرانی عوام کا ہر لحاظ سے دفاع کرنے کے لئے آمادہ ہیں ۔